برسلز: ایئر پورٹ کے بعد میٹرو اسٹیشن پر بم کا دھماکہ، مرنے والوں کی تعداد 17 ہوگئی

0
710

int.بیلجیئم کے دارالحکومت برسلزکے ایئرپورٹ اور میٹرواسٹیشن میں ہونے والے بموں کے دھماکوں میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق پہلے دو دھماکے برسلز ائیر پورٹ کے ڈیپارچرلاؤنج میں ہوئے جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔

بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے ایئرپورٹ ڈیپارچرلاؤنج میں امریکن ایئرلائنز ڈیسک کے قریب ہوئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیر لیا ہے جب کہ ایئرپورٹ پر مزید بموں کی موجودگی کی اطلاعات ہیں جس کے بعد فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا ہے۔اسپتال کے ذرائع نے سترہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

ایک اور اطلاع کے مطابق برسلز میں یورپی یونین کے دفاتر کے قریب واقع ایک میٹرو اسٹیشن میں بھی دھماکہ ہوا ہے جس میں متعدد افراد مارے گئے ہیں۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ حکومت بیلجیئم نے ملک کے تمام ایئرپورٹ اور میٹرو سروس فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں اور ہوائی اڈوں اور میٹرو اسٹیشنوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔

حکومت نے عوام کو پبلک مقامات پر جمع نہ ہونے کی ہدایت بھی کی ہے۔

یاد رہے کہ چار روز قبل بیلجیئم کی پولیس نے برسلز میں کارروائی کرکے پیرس حملوں کے مرکزی ملزم صالح عبدالسلام کو گرفتار کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں، پیرس میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں 130 افراد ہلاک اور ساڑھے تین سو سے زائد زخمی ہوگئے تھے-

تبصرے

شیئر کریں

کوئی تبصرہ نہیں

جواب چھوڑ دیں